ملتان، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) پاکستان اس وقت شدید فضائی آلودگی کے بحران کا شکار ہے، جہاں 7 شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبہ پنجاب کی حکومت نے خطرناک اسموگ کے باعث 17 نومبر تک متعدد اضلاع میں تفریحی پارک، عجائب گھر اور اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معلومات پاکستان کی معروف نیوز ایجنسی ’اے آر وائی‘ کی فضائی آلودگی پر جاری کردہ رپورٹ میں فراہم کی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب نے جن اضلاع میں پابندی عائد کی ہے ان میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، شیخو پورا، قصور، ننکانہ صاحِب، گجرات، حفیظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نروال، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبا ٹیک سنگھ کے ساتھ ساتھ لودھرن وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ویہاری اور خانیوال میں بھی تفریحی پارک، عجائب گھر اور اسکول بند رہیں گے۔
ایئر کوالٹی مانیٹر ’آئی کیو ایئر‘ کے مطابق جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں جمعہ کو صبح 8 سے 9 بجے کے درمیان ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 2135 درج کیا گیا۔ آئی کیو ایئر کے مطابق پی ایم 2.5 کا کنسنٹریشن 947 مائکرو گرام فی کیوبک میٹر تھا جو عالمی ادارہ صحت کی ہدایات سے 189.4 گنا زیادہ ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے مشہور روزنامہ ’ڈان‘ کے مطابق ملتان میں رات 10 بجے تک اے کیو آئی 980 تک پہنچ گیا، جو کہ خطرناک مانے جانے والے 300 کی حد سے تین گنا زیادہ تھا۔
خطرناک اسموگ کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر اس کا بہت بُرا اثرا ہو رہا ہے۔ لوگوں کو روزمرہ کے کاموں کو کرنے میں بھی مشکلات پیش آنے لگی ہیں۔ ڈاکٹروں نے لوگوں کو زہریلی ہوا کے رابطے میں آنے سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب بھی گھر سے نکلیں حفاظت کے لئے ماسک ضرور لگائیں۔